یوم دفاع کی مناسبت سے شہدائے وطن کی تصویری نمائش کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ )۔فیصل آباد میں آرٹس کونسل کے زیر اہتمام یوم دفاع کی مناسبت سے منعقد کی گئی شہدائے پاکستان کی تین روزہ تصویری نمائش کاافتتاح کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر کیپٹن(ر)نسیم نواز نے کہا کہ نئی نسل کو مختلف محاذوں پر شہید ہونے والے جنگی ہیروز کی جرات اور بہادری سے روشناس کرا کر ہی یوم دفاع منانے کے حقیقی مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں شہداء کی تصویری نمائش سمیت دیگر پروگرامز کا انعقاد خوش آئند ہے۔ تصویری نمائش کے افتتاح کے موقع پر ریذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل طارق جاوید،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مہر شفقت اﷲ مشتاق، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ادریس احمد،انچارج شعبہ فائن آرٹ جی سی یونیورسٹی تہمینہ افضل کے علاوہ طلبا و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شائقین نے نمائش میں رکھی گئی شہدائے پاکستان کی تصاویر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ملکی دفاع اور وقار کی خاطر ڈٹ جانے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مہمان شخصیات نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ میں عزم وہمت اور اتحاد و یگانگت کی علامت کے طور پر رقم ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب باہمی اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دیں کیونکہ یہی عناصر ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا سکتے ہیں۔ ریذیڈنٹ ڈائریکٹر طارق جاوید نے بتایا کہ دفاع پاکستان کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں آرٹ کونسل کے زیراہتمام مختلف پروگرامز منعقد ہو رہے ہیں اور شہدائے پاکستان کی تصویری نمائش اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نمائش میں 1971,1965,1947 اور ضرب عضب آپریشن سمیت وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے 120 شہداء کی تصاویر رکھی گئی ہیں۔اس موقع پر طلبا وطالبات نے ملی نغمے بھی پیش کئے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔