تمام مکاتب فکر کے عوام امن کے قیام کیلئے حکومت سے تعاون کریں، علامہ حسن ظفر نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا کہ قیام امن کیلئے حکومت سندھ اور سیکیورٹی اداروں کا کردار مثبت ہے۔ العارف ہاؤس میں عوامی نمائندگان کے وفد سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے عوام امن کے قیام کیلئے حکومت سے تعاون کریں اور کوشش کی جائے کہ ایام عزاء میں پر امن اور ہم آہنگی کا ماحول قائم رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم امید کرتے ہیں کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایسے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کرینگی جن سے عزاداران امام حسینؑ آزادی کیساتھ اپنی رسومات ادا کرسکیں۔ انہوں نے یہاں بسنے والے تمام طبقات سے کہا کہ محرم میں بھرپور طریقے سے نواسہ رسولﷺ کا غم عقیدت و احترام سے منائیں اور کسی کو اس بات کی اجازت نہ دی جائے کہ وہ انتشار اور افراتفری کے ذریعے شہر کا امن خراب کرے، اس سلسلے میں علماء و خطباء اور ذاکرین کو بھی اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔