ملتان، ایس یو سی اور جے ایس او کے زیراہتمام سعودی عرب کے خلاف احتجاجی ریلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سعودیہ عرب کی جانب سے اپنے شہری آیت اللہ باقرالنمر کو سزائے موت دیے جانے کے اقدام کے خلاف شیعہ علما کونسل اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے ملتان میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی مسجد جعفریہ سے شروع ہوئی اور علمدار چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت رہنما شیعہ علما کونسل علامہ علی رضا نقوی، سیکرٹری اطلاعات ایس یو سی بشارت حسین قریشی، علامہ غلام شبیر حیدری، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری جے ایس او ذیشان حیدر، مولانا حسین بخش سروری اور مولانا حسنین عسکری نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہم تو دنیا بھر کے مظلوموں کے حامی ہیں اسی لئے عالمی شہرت یافتہ، مذہبی اسکالر، مصلح اور پرامن عالم دین کو سزائے موت دینے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ کسی بھی معاملے پر مختلف نکتہ نگاہ اور اختلاف جمہوری حق ہے، سزائے موت قرین انصاف نہیں شیخ نمر کی سزائے موت انسانی حقوق کی پامالی، انصاف کا قتل اور فرقہ واریت کی مترادف ہے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کے مسائل کے حل کیلئے او آئی سی کے ہوتے ہوئے حالیہ بنایا گیا 34 ملکی اتحاد جس میں پاکستان کو زبردستی شامل کیا گیا ہے وہ بھی الِ سعود کی تفرقہ بازی پھیلانے کی ایک گھناونی سازش ہے جس کا حصہ پاکستان کو نہیں بننا چاہئے اور سعودیہ کی ایسی انسانیت دشمن حرکات کا بھرپور احتجاج ریکاڈ کروانا چاہئے۔ ریلی میں مولانا قاری محسن رضا، مولانا فیاص وجدانی، مولانا قاری اعجاز رسول، حیدر عباس انقلابی، ڈویژنل صدر ذیشان شمسی، حیدر زمان، باقر بلوچ، عابدعلی، علی قاسم نقوی، اسلم رضا اور یاسر علی صدیقی سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔