شیعہ علماء کونسل کے وفد کی خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ حمید امامی کی قائمقام گورنر کے پی و سپیکر کے پی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات، شہداء پیکیج، نصاب تعلیم، ڈسٹرکٹ خطیب اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر ایس یو سی نے وفد کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قائمقام گورنر اسد قیصر سے تفصیلی ملاقات کی۔ وفد میں علامہ حمید امامی کے علاوہ، علامہ زاہد بخاری صوبائی سیکرٹری جنرل ایس یو سی، لیاقت کاظمی ڈویژنل صدر، زوار حسین صادقی صدر ایس یو سی مانسہرہ، نسیم الحسن صدر انصار الحسین اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر وفد نے مختلف اہم موضوعات پر قائمقام گورنر سے تبادلہ خیال کیا۔ دہشت گردی کے واقعات میں جام شہادت نوش کرنے والوں کو حکومت کی جانب سے کم معاوضے پر احتجاج کیا گیا۔ ہنگو اور کوہاٹ میں شیعہ اساتذہ کے تبادلے غیر شیعہ علاقوں میں کرنے پر بھی احتجاج کیا گیا۔ علامہ حمید امامی نے صوبائی نصاب کمیٹی میں نمائندگی نہ ملنے اور ڈسٹرکٹ خطیب صرف خاص مکتبہ فکر کو دینے کا معاملہ بھی پیش کیا۔