گوجرانوالہ: ایمن آباد میں مقابلہ، 4 القاعدہ دہشت گرد ہلاک، سی ٹی ڈی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) گوجرانوالہ میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں سے مقابلے کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک اور 3 فرار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) حکام نے بتایا ہے کہ گوجرانوالہ کے علاقے ایمن آباد میں دہشت گردوں سے مڈبھیڑ میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ ان کے 3 ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ سے ہے جب کہ دہشت گرد شہر میں دہشت گردی کی کارروائی کا منصوبہ رکھتے تھے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے کلاشنکوف، پستول، راکٹ، تیار بارودی مواد اور ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے ہیں جب کہ ایک دہشت گرد کی شناخت عبدالرحمان کےنام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے دہشت گردوں کی لاشوں کو قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کر دی جب کہ ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے بھی سرچ آپریشن شروع کر دیے گئے ہیں۔