تبلیغ کے لئے آنے والی طالبہ کی گرفتاری ظلم ہے، فوری رہا کیا جائے، علامہ احمد اقبال
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) ایک عالمہ اور مبلغہ کی بلاجواز گرفتاری کی پُرزور مذمت کرتے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران سے صرف تبلیغ کے لئے پاکستان آنے والی خاتون کو اس انداز میں ایئرپورٹ سے گرفتار کرنا سراسر ظلم و زیادتی ہے۔ پرزور احتجاج کرتے ہیں، طالبہ کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار کا مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے ٹیکسلا میں عظمت شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمہ اور مبلغہ جو اسلامی جمہوریہ ایران سے صرف تبلیغ کے لئے پاکستان آئیں تھیں، انہیں ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے گرفتار کیااور انسداد دہشت گردی کے ادارہ (سی ٹی ڈی ) کے حوالہ کر دیا، جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں، ہم اس بربریت پر خاموش نہیں رہیں گے، جلد احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے، حکومت فی الفور طالبہ کو رہا کرے۔
مولانا احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ ذلت ہمارے مکتب سے کوسوں دور ہے۔ ہمارے آئمہ (ع) نے ہمیں عزت اور سربلندی کے ساتھ جینے کا طریقہ سکھایا۔ انہوں نے ہمیں سکھایا ہے کہ ہمیشہ ظالم کے مقابل سینہ تان کر ڈٹ جانا۔ مکتب تشیع نے ہمیشہ ظلم کا مقابلہ کیا جس کی وجہ سے تشیع کو ہمیشہ تہ تیغ کیا جاتا رہا ہے۔ جب جب سلاطین نے رعایا پر ظلم کیا کوئی بولے نہ لولے حسین (ع) ابن علی کا عزادار ضرور بولا ہے۔ ہم نے قربانیاں دیں، کسی بھی قوم اور گروہ کو جتنا قتل کیا جاتا ہے، اس کی تعداد میں اتنا اضافہ ہو ا جاتا ہے۔ تلواروں سے بچے کچے لوگوں کی نسلیں باقی رہتی ہیں۔ سادات کو طول تاریخ میں نسل کشی کا نشانہ بنایا گیا، شیعیان حیدر کرار کو دیواروں میں چنوایا گیا، لیکن ثابت قدم رہے۔