قائد شھید کی برسی کے اجتماع میں راولپنڈی کی خواتین بھرپور انداز میں شرکت کریں گی، قندیل زہرہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ہم زینبی کردار کی پیروکار ہیں۔ حق کے لئے اٹھنے والے ہمارے یہ قدم کبھی نہیں رکیں گے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے آئینی مطالبات کی منظوری میں پس و پیش حکمرانوں کے تعصب اور بدنیتی کو آشکار کر رہا ہے۔ 7 اگست کو تحفظ پاکستان کانفرنس اسلام آباد میں راولپنڈی سے خواتین کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی شعبہ خواتین کی سیکرٹری جنرل سیدہ قندیل زہرہ نے ضلعی سیکریٹریٹ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیدہ قندیل زہرہ کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کی جدوجہد ملت تشیع کے حقوق اور وطن عزیز کے استحکام کے لئے ہے۔ انہوں نے پاکستان کے پانچ کروڑ سے زائد اہل تشیع کے لئے آواز بلند کر رکھی ہے۔ پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ خواتین ان کی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم زینبی کردار کی پیروکار ہیں۔ حق کے لئے اٹھنے والے ہمارے یہ قدم کبھی نہیں رکیں گے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے آئینی مطالبات کی منظوری میں پس و پیش حکمرانوں کے تعصب اور بدنیتی کو آشکار کر رہا ہے۔ حکومتی ہٹ دھرمی اور بےحسی کے باوجود ہم نے اپنے عمل اور کردار یہ ثابت کیا ہے کہ ملت تشیع پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور اپنے حقوق کے حصول کے لئے آئین و قانون کو ہی مقدم سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد عارف حسینی کی برسی کے سلسلے میں ہونے والی کانفرنس میں بھرپور شرکت کے لئے ہماری رابطہ مہم اور تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔