Uncategorized

کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پزیر

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہر قائد میں نشتر پارک سے برآمد ہونے ہونے والا 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پزیر ہوگیا، جہاں ماتم داری کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے نویں محرم کا نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں نشتر پارک، ایم اے جناح روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ، لائٹ ہاﺅس، بولٹن مارکیٹ، ٹاور سے ہوتا ہوا کھارادر میں واقع امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ مرکزی جلوس کے شرکاء کیلئے ہر سال کی طرح اس سال بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام باجماعت نماز ظہرین کا انتظام مرکزی جلوس کے دوران ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے کیا گیا، جہاں عزادارانِ امام مظلوم نے علامہ سید کاظم عباس کی زیر اقتداء باجماعت نماز ظہرین ادا کی۔ نماز ظہرین کے بعد عزادارانِ امام حسین مظلوم نے شیطان بزرگ امریکا، اسرائیل، بھارت اور انکے حواریوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، اور امریکی، اسرائیلی و بھارتی پرچم نذرِ آتش کئے۔ جلوس کی گزرگاہ پر عزاداروں کیلئے پانی، دودھ اور شربت کی سبیلیں لگائی گئیں، جبکہ نذر و نیاز کی تقسیم بھی کی گئی۔

کراچی میں جلوس کی سیکورٹی کیلئے 6 ہزار پولیس اہلکار، جبکہ 2 ہزار رینجرز کے جوانوں کو تعینات کیا گیا۔ جلوس کی گزرگاہوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے چیک کیا گیا ہے۔ کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی کمپنیوں کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔ سادہ لباس اہلکار بھی جلوس کی گزرگاہوں اور اطراف میں موجود رہے۔ جلوس کے موقع پر مختلف تنظیموں کی جانب سے نشتر پارک، پرانی نمائش اور اس کے اطراف کیمپس بھی لگائے گئے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ مرکزی جلوس کے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کیا گیا تھا۔ مرکزی جلوس کی خفیہ کیمروں سے مانیٹرنگ بھی جاری تھی۔ جلوس کے شرکاء کی سیکورٹی کے لئے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جارہی تھی۔ 9 محرم الحرام کے سلسلے میں رضویہ سوسائٹی، ملیر جعفر طیار، انچولی سوسائٹی، شاہ فیصل کالونی، قصبہ کالونی، اورنگی ٹاﺅن، گلستان جوہر سے بھی ماتمی جلوس نکالے گئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button