سانحہ کوئٹہ کا زخمی کمانڈو چل بسا، شہداء کی تعداد 62 ہوگئی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر کالعدم لشکرِ جھنگوی کی دہشتگردوں سے مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے شدید زخمی ہونے والا فوجی کمانڈو زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس سے شہدا کی تعداد 62 ہوگئی ہے، کوئٹہ شہر میں مکمل ہڑتال رہی، حملے میں شہید ہونیوالے متعدد اہلکاروں کی نماز جنازہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ادا کی گئی، ملک بھر میں وکلا نے سوگ میں ہڑتال کی۔
زرائع کے مطابق کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر کالعدم لشکرِ جھنگوی کے دہشتگردوں کے حملے میں جوابی کاروائی کے دوران شدید زخمی ہونیوالا کمانڈو سجاد سی ایم ایچ اسپتال میں زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے شھید ہوگیا، اس طرح سانحہ میں شہدا کی تعداد 62 ہوگئی۔ساجد کا تعلق پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) سے تھا۔ حملے کی اطلاع ملنے پر پاک فوج کی جانب سے موقع پر پہنچنے والے ایس ایس جی کے پہلے دستے میں سپاہی ساجد بھی شامل تھا،جس نے انتہائی دلیری کے ساتھ تکفیری دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، اور شدید زخمی حالت میں اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے شھید ہوگیا۔
دوسری جانب سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کی تدفین پنجاب کے مختلف شہروں میں کردی گئی ہے، نماز جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ساہیوال کے نواحی چک 9-96 ایل میں شہید محمد عباس کانسٹیبل، گوجرہ میں فوجی جوان کمانڈو محمد ساجد، وہوا ابرار احمد کی نماز جنازہ کی گئیں اور انہیں سپردخاک کردیا گیا۔