صوبائی حکومت نے دہشت گردی اورانتہا پسندی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت موثر اقدامات کئے
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت موثر اقدامات کئے ہیں،سیکیورٹی ادارے مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر اور لاؤڈ سپیکر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اورسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے گشت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے بلائے گئے طویل ترین اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے امن وامان کی بہتری کیلئے نہ صرف ٹھوس اقدامات کئے ہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ،اس لئے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دے اورسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے گشت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے ڈولفن فورس تشکیل دی ہے اورپنجاب پہلا صوبہ ہے جہاں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے انسداد دہشت گردی فورس کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے ، انسداد دہشت گردی فورس دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے ،رحیم یار خان میں اس فورس کے بہادر اہلکاروں نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس کے اہلکار بہادری کے ساتھ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کر رہے ہیں ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ لاہور میں پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ شروع ہو چکا ہے جبکہ صوبے کے دیگر چھ بڑے شہروں میں پراجیکٹ کارواں برس آغاز کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت موثر اقدامات کئے ہیں ، صوبے میں فرقہ واریت، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے قلع قمع کیلئے ضروری ترامیم کر کے قوانین کو سخت بنایا گیا ہے ۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر اور لاؤڈ سپیکر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات سے صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے ،دہشت گرد وں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل قلع قمع کرنا ہمارا مشن ہے ،تعلیمی نصاب میں امن ،بھائی چارے اور رواداری کے فروغ کے موضات پر مبنی مضامین کو شامل کیا گیا ہے ۔