ڈیرہ غازی خان، طالبان کے 10 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیرہ غازی خان سے 15 کلومیٹر جنوب میں چوٹی زیریں کے نزدیک بستی دادوانی میں دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہ کو گھیرے میں لیا گیا جہاں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے مابین ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں 9 سے 10 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے جبکہ رینجرز کے 3 اہلکار شہید اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے بتایا گیا ہے، جن میں سے دو کی شناخت محمد اصغر دادوانی عرف استاد گورچانی اور محمد نعیم عرف وقاص دادوانی کے نام سے کی گئی، دہشت گرد اغواء برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
واضح رہے کہ 9 اپریل کو بھی رینجرز اور حساس اداروں نے ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا تھا جہاں مقابلے کے دوران 5 مبینہ دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ رینجرز کا ایک اہلکار بھی شہید ہوگیا تھا۔