کراچی سینٹرل جیل کی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)سینٹرل جیل کراچی میں رینجرز، ایف سی اور پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران بیرکوں سے لاکھوں روپے نقد اور ممنوعہ سامان برآمد ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سینٹرل جیل ہے یا قیدیوں کی جنت، جیل میں سرچ آپریشن کے دوران قیدیوں کے قبضے سے وہ کچھ برآمد ہوا، جس کا گمان بھی نہیں کیا جا سکتا۔ گزشتہ ہفتے کراچی سینٹرل جیل سے کالعدم دہشتگرد تنظیم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے دو خطرناک قیدیوں کے فرار کے بعد دوسری مرتبہ آپریشن کیا گیا ہے۔ ایف سی، رینجرز اور پولیس کی اس مشترکہ کارروائی کو کراچی جیل کی تاریخ کا سب سے بڑا سرچ آپریشن کہا جا رہا ہے۔ آپریشن کے دوران قیدوں کو بیرکس سے نکلنے پر پابندی تھی۔ سرچ آپریشن کے دوران ایف سی اور رینجرز نے جیل میں قید 7 ہزار قیدیوں کی جامہ تلاشی لی، جس کے دوران سیاسی جماعتوں، کالعدم تنظیموں اور لیاری گینگ وار ملزموں کے قبضے سے 35 لاکھ روپے سے زائد نقد رقم برآمد ہوئی، جبکہ ایک قیدی سے ساتھ لاکھ روپے بھی برآمد ہوئے۔
اس کے علاوہ کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے بیرک سے 12، ایم کیو ایم کے بیرک سے 70 اور گینگ وار ملزمان کے بیرک سے 100 اسمارٹ فونز سمیت 350 سے زائد موبائل فونز بھی پکڑے گئے ہیں۔ ایف سی اور رینجرز نے اس کارروائی کے دوران مختلف بیرکس سے فریج، ڈیپ فریزر اور فرنیچر کے علاوہ درجنوں ٹی وی بھی برآمد کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق صرف ایک بیرک سے 30 ٹی وی برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم کے بیرک سے قیدیوں کا کچا راشن اور گیس سلنڈرز بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 4 روز سے قیدیوں کے بیرکس سے نکلنے پر پابندی ہے اور قیدیوں کی پہلے سے طے شدہ ملاقاتیں بھی بند ہیں۔