شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کا انچولی میں احتجاج
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ لاپتہ افراد کے لواحقین نے اپنے پیاروں کی گمشدگی کے خلاف انچولی امام بارگاہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق انچولی سوسائٹی میں شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے اپنے پیاروں کی گمشدگی کے خلاف بعد ختم مجلس احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے میں شیعہ لاپتہ افراد کے لواحقین کے ساتھ ساتھ شیعہ ملی تنظیموں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی، لاپتہ افراد کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ان کے افراد کو کئی مہینوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر قانونی طور پر لاپتہ کیا ہوا ہے جو کہ انسانی حقوق کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔
شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا کہ ان کے لاپتہ کیے گئے افراد کو بازیاب کیا جائے اور اگر انہوں نے کوئی غیر قانونی کام کیا ہے تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔ لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے جیل بھروتحریک میں اپنی گرفتاری پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے قوم سے اپیل کی کہ وہ اس تحریک کا حصہ بن کر مشکل کی اس گھڑی میں ان کا ساتھ دیں۔
یاد رہے کہ شیعہ لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف جیل بھرو تحریک کا آغاز جمعہ 6 اکتوبر 2017 کو بعد نماز جمعہ خوجہ مسجد کھارادر سے علامہ حسن ظفر نقوی کی گرفتاری سے ہوگا۔