2018الیکشن ملت تشیع مکمل بائیکاٹ کرے گی نون لیگ کا ، علامہ مختار امامی
شیعہ نیوز(پاکستانی خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ پنجاب کو عملاََ پولیس اسٹیٹ بنا دیا گیا ہے، شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ اس پولیس اسٹیٹ کے بادشاہ ہیں، جہاں لاقانونیت، عدم تحفظ اور ظلم و بربریت کا راج ہے، سیاسی مخالفین کو بلاجواز گھروں سے اٹھا کر نجی عقوبت خانوں میں قید کر لیا جاتا ہے، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما سید ناصر شیرازی کو ایلیٹ فورس کی گاڑیوں کے ذریعے اغوا ہوئے دو ہفتے گزر چکے ہیں، عدالتی حکم کے باوجود انہیں نہ تو عدالت میں پیش کیا گیا اور نہ ہی ان کی خیریت سے ان کے اہل خانہ کو آگاہ کیا جا رہا ہے، اختیارات کے ناجائز استعمال اور آئین و قانون کی پامالی کی اس سے بڑی مثال نہیں ملتی، پاکستان میں ملت تشیع کی نمائندہ سیاسی جماعت کے مرکزی رہنما کو محض اس لئے انتقام کا نشانہ بنایا گیا کہ یہ جماعت حکومت کی بدعنوانیوں کے خلاف کھل کر اپنی آواز بلند کرتی ہے، ظلم و جبر سے ہمارے حوصلوں کو پسپا کرنے کی کوشش بے سود ہے، پنجاب حکومت نے بوکھلاہٹ میں اپنا بھیانک روپ آشکار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018ء میں ملت تشیع کی طرف سے مسلم لیگ نون کا نہ صرف مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا، بلکہ عزاداری اور عزاداروں کے خلاف پنجاب حکومت کی انتقامی کاروائیوں کی مکمل رپورٹ شائع کی جائے گی، تاکہ عصر حاضر کی یزیدیت کا پردہ چاک کیا جائے۔ انہوں نے آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان نے مطالبہ کیا کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی ایڈووکیٹ کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے فوری بازیابی کے احکامات صادر کریں۔