کالعدم تنظیم کے مبینہ 5 دہشتگرد انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش، ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساںادارہ)گزشتہ روز کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کی کاروائی میں گرفتار کیے گئے کالعدم تنظیم کے مبینہ پانچ دہشتگردوں کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر میں پیش کر دیا گیا، انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج ملک خالد محمود نے تمام دہشتگردوں کو 20 روزہ جسمانی ریمانڈ کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا، واضح رہے کہ ان دہشتگردوں کو گزشتہ روز خفیہ اداروں کی اطلاع پر ملتان کے نواحی علاقے ہیڈ محمد والا سے گرفتار کیا گیا تھا، ان دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ، ہینڈ گرنیڈ اور حساس مقامات کے نقشے بھی برآمد ہوئے تھے، گرفتار دہشتگردوں کی شناخت محمد ابوبکر، ابوذر، نعمان، مبین اور ارسلان کے نام سے ہوئی ہے، تمام دہشتگردوں کا تعلق ضلع قصور سے بتایا جاتا ہے، گرفتار دہشتگردوں کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ملتان کے حساس مقامات کو نشانہ بنانے کی پلاننگ کر رہے تھے، دہشتگردوں کو دوبارہ 18 دسمبر کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔