وزیراعلٰی بلوچستان عہدے سے مستعفی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے پہلے ہی عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں آج وزیر اعلٰی نواب ثنا اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جانی تھی، تاہم وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے مشورے پر وزیر اعلٰی بلوچستان ثناء اللہ زہری نے تحریک پیش کئے جانے سے پہلے ہی استعفیٰ دے دیا ہے۔ ثناء اللہ زہری نے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے ملاقات کی اور انہیں اپنا استعفی پیش کیا، جو گورنر نے فوراً منظور کر لیا۔ سابق صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بھی اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ الحمدللہ وزیراعلٰی بلوچستان مستعفی ہو گئے ہیں۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بلوچستان میں سیاسی بحران کے خاتمے اور منحرف ارکان کو منانے کے لیے ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے تھے، جہاں انہوں نے وزیر جام کمال سمیت مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران انہیں سیاسی منظر نامے سے آگاہ کیا گیا۔ اسلام آباد پہنچنے کےبعد وزیر اعظم نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے مشاورت کی، جس کے بعد انہوں نے نواب ثنا اللہ زہری کو ٹیلیفون کیا اور مشورہ دیا کہ جب اپنی پارٹی کے ارکان ہی ساتھ نہیں تو حکومت بچانے کی کوشش کا فائدہ نہیں، پارٹی کو تقسیم سے بچانے اور ایوان میں ہارس ٹریڈنگ سے بچنے کے لیے وہ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے پہلے مستعفی ہوجائیں ، یہی پارٹی اور ان کے اپنے مفاد میں ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد آج پیش ہونی تھی۔ 65 رکنی ایوان میں تحریک اعتماد کو منظور کرانے کے لیے 33 ووٹ درکار ہوتے ہیں جبکہ تحریک لانے والے ارکان کا کہنا تھا کہ 40 ارکان صوبائی اسمبلی ان کے ساتھ ہیں۔