کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کے ذریعے شہر کی سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوگی، میر عبدالقدوس بزنجو
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کے ذریعے شہر کی سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ دہشت گردی اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جاسکے گا۔ امن آئے گا تو ترقی آئے گی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے سے معیشت بہتر ہوگی۔ شہر کی بہتری اور صفائی ستھرائی کے عمل میں تاجر برادری کا بھی اہم کردار ہے۔ لہٰذا وہ بھی آگے آئیں اور کوئٹہ کو مثالی شہر بنانے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ تاجر برادری معاشی سرگرمیوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور حکومت کی خواہش ہے کہ شہر و صوبہ بھر میں امن کی صورتحال کو مزید بہتر بناکر شہریوں اور تاجروں کو ایک ایسا پرامن ماحول فراہم کیا جاسکے، جس میں وہ یکسوئی کے ساتھ اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکے۔ عوام اور تاجروں کی سہولت کے لئے صوبے کی شاہراہوں پر واقع لیویز چیک پوسٹوں کو ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ کسٹم حکام کو بھی کسٹم ایکٹ سے تجاوز نہ کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔
وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ بلوچستان کا چہرہ ہے، تاہم بدقسمتی سے ماضی میں شہر کی بہتری اور اس کے مسائل کے حل کے لئے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی، جس سے یہ شہر گوناگوں مسائل کا شکار ہوتا چلا گیا۔ آج حالت یہ ہے کہ خطیر فنڈز کی فراہمی اور جدید مشینری کی دستیابی کے باوجود صفائی کی صورتحال ابتر ہے۔ ہم شہر کی بہتری کے لئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ آج تک کوئٹہ کی ترقی کا کوئی ماسٹر پلان نہیں بنایا گیا اور یہ شہر کسی منصوبہ بندی کے بغیر خودرو پودے کے طرح پھیلتا جا رہا ہے۔ شہر کے ماسٹر پلان کی تیاری کے لئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے پلاسٹک بیگ پر مکمل پابندی عائد کرکے اس کے متبادل کے طور پر کاغذ کے بیگ متعارف کرائے جائیں گے۔