تمام اسیران کو چہلم سے قبل رہا کیا جائے، مشترکہ اجلاس میں مطالبہ
جعفریہ الائنس کے تحت اتوار کو شیعہ تنظیموں کا مشترکہ اجلاس مارٹن روڈ امام بارگاہ میں منعقد ہوا جس میں حضرت امام حسین ۔چہلم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت علامہ عباس کمیلی نے کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چہلم کے جلوس کے راستوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء جلوس میں بھرپور شرکت کریں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ چہلم سے قبل اسیران ملت جعفریہ کو رہا کیا جائے اور چھاپوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔ عاشورہ کے سانحہ کے ملزمان کو گرفتار کیا جائے-علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ سانحہ عاشور اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعے کی تحقیقات ہائیکورٹ کے حاضر جج سے کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ واقعات کے حقائق جاننے کیلئے عدالتی کمیشن قائم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام نام نہاد اسلامی جہادی تنظیموں کا ملکی سطح پر جڑ سے خاتمہ کیا جائے۔ شہداء کے ورثاء کو باعزت معاوضہ ادا کیا جائے جو کم از کم 20 لاکھ ہو۔شہداء کے وارثوں کو ملازمت فراہم کی جائے،پورے پاکستان میں خصوصاً پارہ چنار،ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو اور کوئٹہ میں ملت جعفریہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔