شیعہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے آئی ایس او کا 25 نومبر کو لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ملی جماعتوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان انصر مہدی نے کی۔ اجلاس میں مشترکہ طور پہ طے پایا کہ اتوار کو لاہور میں لاپتہ افراد کی بازیابی اور ملک میں جاری دہشتگردی و انتہا پسندی کیخلاف صدائے احتجاج بلند کرنے کیلئے استحکام پاکستان ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ اجلاس میں استحکام پاکستان ریلی کے انتظامات کا حتمی جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ آئی ایس او پاکستان کے سالانہ کنونشن کے بعد 3 بجے ناصر باغ سے اسمبلی ہال تک ریلی نکالی جائے گی۔ ریلی میں تمام ملی جماعتوں کے کارکنان شریک ہوکر مسنگ پرسنز اور اسیران کی بحالی کا مطالبہ کریں گے۔ اجلاس میں طے پایا کہ تمام آئمہ جمعہ و جماعت کو بھی ریلی میں لاہور بھر سے کثیر تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے اعتماد میں لیا جائے گا۔
مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان انصر مہدی کا کہنا تھا کہ مسنگ پرسن پوری قوم کا مسئلہ ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ محبان محمد و آل محمد ۖ مملکت خداداد پاکستان میں قانون کی بالادستی کا مطالبہ کرتے ہوئے لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کیلئے اتحاد و وحدت کی اس عظیم مثال کو قائم رکھیں۔ اجلاس میں شریک تمام جماعتوں کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ جب تک محب وطن لاپتہ افراد بازیاب نہیں ہو جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ہم اس غیر آئینی قدم کیخلاف صدائے احتجاج بلند کرتے رہیںگے ہم پاکستان کے محب وطن شہری ہیں اور چاہتے ہیں پاکستان میں قانون و آئین کی بالادستی ہو۔ شرکاء اجلاس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنیوالے اور سکیورٹی ادارے ملکی قوانین پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اسیران کو عدالتوں میں پیش کریں۔
اجلاس میں تحریک بیداری امت مصطفی سے رضوان عابدی، احمد رضا خان، امامیہ آرگنائزیشن سے سجاد حیدر، حسنین زیدی، مرکزی نائب صدر آئی ایس او جمیل طوری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نسیم کربلائی، سابق مرکزی صدر تہور حیدری اور عادل بنگش نے شرکت کی۔