پاکستانی شیعہ خبریں
اقوام عالم اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں جنگی جرائم کا مقدمہ قائم کرے۔

شیعت نیوز کی رپورٹ کے مطابق فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان (پی ایل ایف)کے رہنماؤں کاکہنا تھا کہ اگر چہ اقوام متحدہ کی جانب سے تحقیقاتی کمیشن قائم کرنا ایک اہم اور مثبت قدم ہے تاہم اس بات کی یقین دہانی کروانا بھی ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل جو بھی رپورٹ مرتب کرے اس کے نتائج پر صہیونی ریاست اسرائیل کو عملدرآمد پر پابند کیا جائے ۔ان کاکہنا تھا عالمی ادارہ فریڈم فلوٹیلا پر صہیونی جارحیت کے خلاف تحقیقاتی کمیشن کے ساتھ ساتھ ڈیڑھ سال قبل غزہ میں اسرائیل جارحیت کے بعد گولڈ اسٹون رپورٹ پر بھی عمل درآمد یقینی بنائے اور دنیا اس بات پر آمادہ ہو جائے کہ اسرائیل کے خلاف عملی کاروائی کی جائے۔
رہنماؤں کاکہنا تھا کہ عالمی ادارہ انسانی حقوق کونسل کو چاہئیے کہ فریڈم فلوٹیلا پر صہیونی حملے خے خلاف تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کے ساتھ ساتھ غزہ کا تین سالہ معاشی اور سماجی محاصرہ ختم کرنے کے لئے بھی عملی اقدامات کرے اورغزہ کے محصورین کی امداد کے لئے میسر ماحول فراہم کیا جائے،رہنماؤں نے لیبیاء کی جانب سے غزہ کے محصورین کی امداد کے لئے بھیجی گئی امداد پر لیبیاء کے کردار کوسراہا اور کہاکہ دنیا کے ان نام نہاد ممالک اور حکومتوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں جو حقوق بشر کا دم تو بھرتی ہیں مگر فلسطین میں ہونے والے اسرائیلی مظالم پر چپ سادھے ہوئے ہیں ۔آخر میں رہنماؤں کاکہنا تھا کہ اگست کا مہینہ حزب اللہ لبنان کی اسرائیل کے ساتھ ہونے والی2006ء کی جنگ کی فتح کا مہینہ ہے اور فلسطین فاؤنڈیشن ملک بھر میں اسلامی تحریک مزاحمت کی غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے خلاف ناقابل تسخیر فتح کی چوتھی سالگرہ منائے گی اور اس حوالے سے مختلف نوعیت کے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔