شام: دہشت گردوں کے قبضے سے مزید علاقے آزاد ہوگئے
لعہد نیوز ایجنسی کے مطابق شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے پل الرقہ کے قریب داعش کے خلاف ایک آپریشن میں اس تکفیری دہشت گرد گروہ کے درجنوں افراد کو ہلاک کردیا۔
شامی افواج نے اسی کے ساتھ پل الرقہ کو داعش سے آزاد کرالیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شام کی فوج اور عوامی رضاکاروں نے دیر الزور میں بھی دو اہم پہاڑیوں کو دہشت گردوں سے آزاد کراکے اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
اس آپریشن میں دہشت گردوں کی چھے بکتر بند گاڑیاں تباہ اور انیس دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
شامی افواج نے اسی علاقے میں دہشت گردوں کے ایک حملے کو ناکام بنادیا ہے۔
ادھر لاذقیہ میں فوجیوں نے جبل الترکمان کے علاقے میں واقع السکریہ نامی شہر کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر خالی کراکے اپنے کنٹرول میں لے لیا۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شیخ مسکین نامی علاقے میں فوجیوں اور عوامی رضاکاروں کے مشترکہ آپریشن میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق شامی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے بھی شہر داریا میں دہشت گردوں کے مراکز پر بمباری کرکے بہت سے دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
شامی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے اسی طرح دمشق کے مضافات میں واقع المرج نامی علاقے، دیر الزور کے مضافات میں واقع علاقے الحصان، حمص کے مضافات میں واقع علاقے تیر معلہ، اور حلب کے مضافات میں واقع شہر تادف، نیز تل حطابات، اور تل احمر نامی دیہی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے ۔
شامی فوج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں فضائیہ کے تازہ حملوں میں مجموعی طور پر دہشت گردوں کے ایک ہزار چھے سو باسٹھ ٹھکانے تباہ ہوئے ہیں