مشرق وسطی
بحرین میں عوامی مظاہرے کو آل خلیفہ حکومت نے کچل دیا
بحرین سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نے ملک کے مختلف علاقوں میں بحرینی شہریوں کے پرامن مظاہروں کو طاقت کے ذریعے کچل دیا اور متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے –
یہ مظاہرے دارالحکومت منامہ ، سترہ اور المعامیر شہروں میں کئے گئے جن کے دوران بحرین کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے ان پر آنسوگیس کا بے تحاشا استعمال کیا – مظاہرین اپنے ہاتھوں میں ملک کا پرچم اورجیلوں میں بند سیاسی رہنماؤں کی تصویریں اٹھاکر سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کررہے تھے –
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملک میں آزادی اورجمہوریت کے قیام اور سیاسی اصلاحات کے نفاذ تک ان کے پرامن مظاہرے جاری رہیں گے –
بحرینی عوام دوہزار گیارہ سے شاہی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف پرامن مظاہرے کر رہے ہیں جن کے دوران اب تک سیکڑوں بحرینی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں