بحرین میں مذہبی آزادیوں پر مزید پابندی عائد
منامہ سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے آل خلیفہ حکومت کی پارلیمنٹ نے سیاسی جماعتوں میں علما اور خطباء کی رکنیت پر پابندی عائد کردی ہے – العہد نیوز ویب سائٹ نے بھی لکھا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کی پارلیمنٹ نے بحرین میں مذہبی آزادی کو کچلنے کے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیاسی جماعتوں میں علما اور مساجد کے خطیبوں کی رکنیت پر پابندی عائد کردی ہے – بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز نے پہلے اعلان کیا تھا کہ سیاسی سرگرمیوں میں علما کے حصہ لینے پر پابندی کا بل غیر قانونی ہے اور ملک کے آئین اور بین الاقوامی اصولوں کے منافی ہے – بحرین میں انسانی حقوق کے مرکز میں مذہبی آزادی کے شعبے کے سربراہ شیخ میثم السلمان نےبھی بحرینی پارلیمنٹ کے قانون کو شہریوں اور علما کے حقوق پر دست درازی سے تعبیر کیا اور کہا ہے کہ اس فیصلے سے ان علما کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو ملک میں سیاسی اصلاحات ، حقوق کے تحفظ اور سماجی انصاف و مساوات کے حامی ہیں – واضح رہے کہ بحرینی عوام فروری دوہزار گیارہ سے ملک میں سیاسی اصلاحات کے نفاذ اور جمہوریت کے قیام کے لئے پرامن تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں جس کو آل خلیفہ حکومت نے طاقت کے ذریعے کچلنے کی کوشش کی ہے-