پاکستانی شیعہ خبریں
پاکستان:آٹھ محرم الحرام ! علمدار کربلا کی شہادت کے جلوس عزا پر امن اختتام پزیر ہو گئے
پاکستان بھر میں آج نکالے گئے جلوس ہائے عزاء بسلسلہ شہادت علمدار کربلا حضرت عباس علمدار علیہ السلام خیر و عافیت سے اپنے مقررہ مقامات پر اختتام پذیر ہو گئے ہیں ۔شیعت نیوز کے نمائندوں کی اطلاعات کے مطابق ملک بھر میں آج آٹھ محرم الحرام کو شہادت علمدار کربلا حضرت اباالفضل العباس علیہ السلام کی مناسبت سے نکالے جانے والے جلوس ہائے عزاء اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنے متعین مقامات پر خیریت سے اختتام پذیر ہو گئے ہیں،
اس مناسبت سے ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں ،دیہاتوں ،قصبوں اور گلی محلوں میں حتیٰ گھروں میں بھی مجالس کا انعقاد کیا گیا جہاں علمائے کرام،ذاکرین عظام اور شاعران آل محمد علیہم السلام نے شہادت حضرت عباس علیہ السلام کی مناسبت سے مجالس سے خطاب کیا جبکہ مجالس کے اجتماعات میں شہید وفا حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام کی بہادری اور کربلا میں وفا داری کی مثالوں کو روشن کیا ۔
شیعت نیوز کے نمائندوں کی اطلاعات کے مطابق آٹھ محرم کی صبح سے ہی مجالس عزاء میں حسینی فوج کے سپہ سالارحضرت عباس علمدار علیہ السلام کی شجاعت بیان کی گئی کہ واضح رہے کہ روز عاشورا میدان کربلا میں یزیدی فوج کے مد مقابل صرف بہتررکنی فوج کاعلم حضرت علی اورام البنین کے فرزند حضرت عباس علیہ السلام کے ہاتھ میں تھا۔
آپ کو یزیدی فوج کے سپاہیوں نے نہرفرات پرشہید کیا ۔ اس سے پہلے سات محرم کے حوالے سے مجالس میں امام حسن کے صاحبزادے حضرت قاسم کے مصائب بیان کئے گئے۔
ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی آج آٹھ محرم الحرام شہادت حضرت ابا الفضل العباس علیہ السلام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا جو مقررہ راستہ سے ہوتا ہوا حسنییہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگیا،مرکزی جلوس عزاء میں شہر بھر سے ہزاروں کی تعداد میں حسینی پروانوں عزاداروںنے شرکت کی ،جبکہ جلوس ہائے عزاء میں بچوں ،عورتوں اور جوانوں سمیت بزرگوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی اس موقع پر شہادت علمدار کربلا حضرت عباس علیہ السلام کی یاد میں جوانوں نے علم حضرت عباس علیہ السلام اٹھا رکھے تھے اور شہید وفا سے تجدید عہد وفا کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق جلوس کی گزر گاہوں کے داخلی اورخارجی راستوں کوکنٹینرزلگا کربند کردیا گیاتھااور سیکیورٹی حکام نے نمائش چورنگی ، صدر، تبت سینٹر، لائٹ ہاؤس ، بولٹن مارکیٹ اورجلوس کے راستے میں آنے والی تمام دکانوں کو سیل کردیاتھا۔
دوسری جانب نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کی لازوال قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھرمیں جلوس برآمد کئے جارہے ہیں۔
محرم کی مجالس میں ہر قسم کی گاڑیوں اور ریڑھیوں کے داٰخلے پر پابندی عائد
وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے ایام عزاء میں مجالس اور جلوسوں کی پانچ سو میٹر کی حدود میں ہر قسم کی گاڑیوں اور ریڑھیوں کے داٰخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔شیعت نیوز کے نمائندے کی اطلاع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے چاروں صوبوں کے ہوم سیکریٹریز اور آئی جیز کو ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام میں ایام عزاء کے جلوسوں اور مجالس کی پانچ سو میٹر تک کی حدود میں ہر طرح کی گاڑٰیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی ۔۔ اس پابندی پرعملدرآمد علاقہ ایس ایچ اوز کی ذمہ داری ہو گی، وزیر داخلہ خود ملک بھر میں محرم کے جلوسوں اور مجالس کی سیکورٹی کو مانٹیر کر رہے ہیں۔