حکومت عوام پر رحم کرے مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ واپس لیا جائے، علامہ اقتدار نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) علامہ اقتدار نقوی نے اشیائے خوردونوش اور پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو الیکشن کے دوران اپنے کیے گئے وعدوں پرعمل کرنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اپنے وعدوں سے انحراف کیا جا رہا ہے، غریب عوام کی مشکلات ختم کرنے کی بجائے مہنگائی، اشیائے خوردونوش اور پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ قابل مذمت ہے، ریاست مدینہ کے دعویدار عوام کو ریلیف فراہم کریں، عوام کی چیخیں نکالی جا رہی ہیں، حکومت عوام پر رحم کرے، مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ واپس لیا جائے، حکومت عوام کش پالیسی نہ اپنائے، بیروزگاری ہی بدامنی، قتل وغارت اور دہشتگردی کا سبب بن رہی ہے، حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ کرپٹ حکمرانوں سے عوام کا پیسہ واپس لیا جائے گا، اب تک کسی ایک کرپٹ حکمران سے رقم وصول نہیں کی گئی، ریاست امیر اور غریب کے لیے ایک ہی قانون بنائے، امیر کو ضمانت ملنا اور غریب کو بیرکوں میں چکی پیسنا ریاست مدینہ کا قانون نہیں کہلایا جا سکتا۔
میڈیا کو جاری بیان میں صوبائی ترجمان ثقلین نقوی کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کا صوبائی کنونشن 27,28 اپریل کو ملتان میں منعقد ہوگا، جس میں نئے صوبائی سیکرٹری کا انتخاب کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران صوبائی کابینہ کے افراد اور سینیئرز نے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی اور صوبائی ترجمان ثقلین نقوی کو حسن کارکردگی شیلڈملنے پر مبارکباد دی۔