ادارے سن لیں شیعہ جوانوں کو اغواکرنےکی یہ روش مناسب نہیں، علامہ شہنشاہ حسین نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے گزشتہ چند دنوں میں اداروں کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر شیعہ جوانوں کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اداروں کو یہ پیغام پہنچائیں کہ اس طرح سے شیعہ جوانوں کو اٹھانا اور اغوا کرنا نامناسب عمل ہے۔
علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ مفتی تقی عثمانی شیعہ سنی دونوں کے درمیان قابل احترام شخصیت ہیں۔ وہ اپنے بیان میں کہہ چکے ہیں کہ ان پر حملہ فرقہ واریت کا نتیجہ نہیں ہےاور انہیں طالبان اور داعش کی جانب سےقتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔
علامہ شہنشاہ نقوی نے مزید کہا کہ علامہ تقی عثمانی پر قاتلانہ حملے کے بعد سے اب تک بڑے پیمانے پر شیعہ جوانوں کی غیر قانونی گرفتاری اور اغوا کا بڑے پیمانے پر سلسلہ جاری ہے ہے اور معاملے کو ایک الگ رخ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔انکا کہنا تھا کہ ادارے خوب جانتے ہیں کہ گزشتہ چالیس سالوں سے کس نے دہشتگردی کو پروان چڑھایا اور کون کون دہشتگردی میں ملوث رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہزاروں جانوں کی قربانی دی اور ہزاروں لاشے اٹھائے لیکن ہمیشہ امن اور محبت کی بات کی اور کبھی دہشتگردی کا راستہ اختیار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو چاہیے کہ یہ سلسلہ ختم کیا جائے اور اصل قاتلوں کی گرفتاری کے اقدامات کیے جائیں۔