علامہ باقر عباس زیدی کو ایم ڈبلیو ایم سندھ کا نیا سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا گیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے تنظیمی انتخابات میں اراکین صوبائی شوریٰ نے علامہ باقر عباس زیدی کو کثرت رائے سے آئندہ تین سال کیلئے صوبہ سندھ کا نیا میر کارواں منتخب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی آئی آر سی امام بارگاہ میں منعقد کئے جانے والے صوبائی جانثاران امام عصر (ع) کنونشن کا آغاز ہفتے کےروز جشن انوار شعبان کی تقریب سے کیا گیا، جس کی صدارت علامہ احمد اقبال رضوی نے کی جبکہ اس موقع پر مہمان خصوصی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری بھی شریک تھے۔ جشن انوار شعبان میں نظامت کے فرائض علامہ نقی نقوی اور الحاج ناصر عباس نے انجام دیئے جبکہ معروف منقب خواں اور شعرائے کرام قمر حسنین، ثمر حسنین، شجاع رضوی، میثم نقوی، صبیب عابدی، طرماح زیدی، عمار عارف، حسن عباس، احسن مہدی، زین عباس و دیگر نے بارگاہ ولایت و امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
صوبائی جانثاران امام عصر (ع) کنوشن کے اگلے روز سندھ کے سیکرٹری جنرل کے انتخاب کیلئے شوریٰ کا اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں اراکین شوریٰ نے پہلے مرحلے میں مختلف نام پیش کئے، جن میں علامہ باقر عباس زیدی، علامہ مقصود ڈومکی اور علامہ دوست علی سعیدی کا نام ووٹنگ کیلئے پیش کیا گیا۔ ووٹنگ کے مرحلے میں اراکین شوریٰ نے خفیہ رائے شماری کے ذریعے کثرت رائے سے علامہ باقر عباس زیدی کو سندھ کا نیا میر کارواں منتخب کیا۔ نئے میر کارواں کے نام کا اعلان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کیا اور نومنتخب صوبائی سیکرٹری جنرل سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر علامہ مختار امامی، بزرگ عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین سمیت دیگر تنظیمی رہنما بھی موجود تھےجب کہ صوبائی سیکرٹری جنرل کے الیکشن کے الیکشن کمیشن کے فرائض علامہ احمد اقبال رضوی، اسد نقوی اور آصف رضا ایڈووکیٹ نے انجام دیئے۔