
اقتصادی استحکام کے بغیر خودمختاری کا کوئی تصور نہیں، آرمی چیف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مشکل معاشی صورتحال مالیاتی بدانتظامی کا نتیجہ ہے، اس حوالے سے مشکل فیصلوں سے قوموں کی کامیابی کی مثالیں موجود ہیں۔ مشکل فیصلے کرنا ہونگے، انشاءاللہ معاشی مشکلات سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔ قومی معیشت کے حوالے سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ معیشت اور سکیورٹی کا آپس میں گہرا تعلق ہے، اقتصادی استحکام کے بغیر خودمختاری کا کوئی تصور نہیں ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قومی اہمیت کے امور پر کھل کر بات کرنے کی ضرورت ہے، ملک کو مشکل معاشی حالات کا سامنا ہے۔ حکومتی اقدامات کی کامیابی کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ وقت آ گیا ہے، سب کو ایک قوم بن کر سوچنا ہوگا، اس طرح کے سیمینار اور مذاکرات نہایت ضروری ہیں، ہم سب کو اپنی ذمہ داری نبھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مشکل معاشی فیصلے نہ کرنے سے مشکلات بڑھیں۔ مسلح افواج نے اقتصادی محاذ میں اپنا حصہ ڈال دیا ہے۔ معیشت کی بہتری کے لئے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملک نہیں بلکہ خطے ترقی کرتے ہیں، مشکل معاشی صورتحال مالیاتی بدانتظامی کا نتیجہ ہے، مشکل معاشی فیصلوں سے قوموں کی کامیابی کی مثالیں موجود ہیں، انشاءاللہ معاشی مشکلات سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔