پاک فوج کا ایل او سی پر بھارت کو موثر جواب، افسر سمیت 6 بھارتی فوجی واصل جہنم
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر موثر جواب دیتے ہوئے ایک افسر سمیت 6 بھارتی فوجیوں کو ہلاک، کئی کو زخمی اور 2 بنکرز کو تباہ کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی سیکٹر میں بھارت کی جانب کی گئی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا موثر جواب دیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فائرنگ سے ایک 7 سالہ بچے سمیت 3 شہری شہید ہوگئے تھے، جس پر پاک فوج نے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا اور ایک افسر سمیت 6 بھارتی فوجیوں کو واصل جہنم جبکہ متعدد کو زخمی اور 2 بنکرز کو تباہ کردیا۔
بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے اور خاص طور پر مقبوضہ جموں اور کشمیر کے حوالے بھارت کے یک طرفہ اقدام کے بعد ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔بھارت کی جانب سے 18 اگست کو لائن آف کنٹرول پر کی گئی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 بزرگ شہری شہید ہوئے تھے جبکہ ایک 7 سالہ بچہ زخمی ہوا تھا، جو بعد ازاں شہید ہوگیا۔15 اگست کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی پر اشتعال انگیزی کی تھی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 5 بھارتی فوجی بھی مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی نازک صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارتی فوج نے ایل او سی پر فائرنگ کی۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے نائیک تنویر، لانس نائیک تیمور اور سپاہی رمضان شہید ہوئے جبکہ پاک فوج نے موثر جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کر دیا تھا۔بعد ازاں ترجمان پاک فوج نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں بتایا تھا کہ ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کا مزید ایک جوان شہید ہوگیا۔
دوسری جانب پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی اور اس سے 7 سالہ بچے کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہووالیا کو دفترخارجہ طرف کرکے احتجاج کیا۔اس سے قبل گزشتہ روز بھی بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو 2 بزرگ شہریوں کی شہادت کے بعد طلب کرکے احتجاج کیا گیا تھا۔تاہم آج کیے گئے احتجاج کے بارے میں ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ 18 اگست کو لائن آف کنٹرول کے ہاٹ اسپرنگ اور چڑی کوٹ سیکٹرز میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 7 سالہ بچہ صدام ولد نور زخمی ہوا تھا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جس پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی مذمت کی گئی۔