بھارت نے یکطرفہ اقدام اٹھا کر کشمیریوں کا حق چھینا ہے، مسعود خان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) صدر آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019ء کے بعد سے مقبوضہ کشمیر کا خطہ دنیا سے مکمل طور پر کٹا ہوا ہے۔ آہنی پردے کے پیچھے سے جو اطلاعات مختلف ذرائع سے مل رہی وہ انتہائی تشویشناک ہیں۔
زرائع کے مطابق کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئےآزادکشمیر کے صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت 72 سال سے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے، 5 اگست کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر نیا حملہ کیا۔ صدر آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت نے یکطرفہ اقدام اٹھا کر کشمیریوں کا حق چھینا ہے۔ بھارت نے یہ غاصبانہ اقدام اٹھا کر کشمیریوں سے ان کا گھر چھین لیا۔ سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ اس نے ناصرف کشمیریوں بلکہ امت مسلمہ کی غیرت کو للکارا ہے۔
صدر آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ کشمیری دنیا کی سب سے بہادر قوم ہیں۔ 8 لاکھ 80 ہزار بھارتی فوجی نہتے کشمیریوں پر ظلم کر رہے ہیں۔ بھارت نے کشمیر کو جیل بنا دیا ہے۔ صدر آزادکشمیر مسعود خان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری کا کشمیریوں کی حمایت پر شکر گزار ہوں۔ جنگ کا آغاز بھارت نے کیا لیکن ختم ہم کریں گے۔