یوم علیؑ کے جلوس ہر صورت برآمد ہوں گے حکومت ایس او پیز دے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علما کونسل پنجاب کے نائب صدر حافظ سید کاظم رضا نقوی نے کہا کہ یوم علیؑ کے جلوس ہر صورت میں برآمد ہوں گے، مجالس بھی برپا کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے انتظامیہ سے مذاکرات ہوئے جس میں طے ہوا کہ انتظامیہ ایس او پیز دے گی اور ہم اس پر عملدرآمد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں اعلان کیا جا رہا ہے کہ یوم علیؑ کے جلوس نہیں نکلیں گے جبکہ وہاں یہ فیصلہ ہوا ہے کہ ایس او پیز حکومت دے گی اور ہم ان پر عمل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا بے بنیاد خبریں نہ پھیلائے، بلکہ بانیان مجالس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کا موقف لے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ارکان کے ساتھ ہونیوالی میٹنگ میں حکومت کی جانب سے یہ تجویز دی گئی تھی کہ احتیاطاً جلوس برآمد نہ کئے جائیں لیکن ان کی تجویز کو شیعہ عمائدین نے مسترد کر دیا۔ میٹنگ میں شیعہ عمائدین نے کہا کہ صدر مملکت کیساتھ ہونیوالے اجلاس میں جو ایس او پیز طے ہوئے ہیں وہ ہم فالو کریں گے، مزید حکومت کوئی ایس او پیز بنا کر دینا چاہتی ہے تو فراہم کر دے، ہم ان پر عملدرآمد کریں گے۔ حافظ کاظم رضا نقوی نے میڈیا میں جلوس برآمد نہ ہونے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا۔