آذربائیجان فوج کی پیشقدمی، آرمینیا جنگ بندی کیلئے رضامند
شیعہ نیوز : آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان نگارنو کارا باخ ریجن میں جھڑپیں چھٹے روز میں داخل ہو گئیں۔
جمہوریہ آذربائیجان کا کہنا ہے کہ اس کی مسلح افواج نے تازہ فوجی آپریشن کے دوران قرہ باغ کے مزید علاقے کو آرمینا کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔
باکو سے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق جمہوریہ آذر بائیجان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اسٹرٹیجک علاقے آغ درہ کی بلندیوں کی آزادی کے بعد آرمینیا کی فوج اس علاقے سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگئی ہے۔
جمہوریہ آذربائیجان کی وزارت دفاع نے دعوی کیا ہے کہ ماداگیز نامی علاقے کی آزادی کے بعد اس کی مسلح افواج اب جبرائیل اور فضولی نامی علاقوں کی جانب پیشقدمی کر رہی ہیں۔
دوسری جانب آرمینیا نے خطے میں جنگ بندی کیلئے عالمی ثالث کاروں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی، جھڑپوں میں اب تک 200 کے قریب ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
آرمینیا کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک نگارنو کاراباخ ریجن میں جنگ بندی کیلئے یورپ میں سلامتی اور تعاون کے لئے کام کرنے والی تنظیم کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔
گزشتہ روز روس، امریکہ اور فرانس کے صدر نے مشترکہ اپیل میں فریقین کو مذاکرات کرنے پر زور دیا تھا۔
اس سے قبل آرمینیا اور آذربائیجان نے مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا تھا، جبکہ آرمینیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنی فضائی حدود میں آنے والے چار ڈرونز مار گرائے ہیں۔