یمن کے خلاف وحشیانہ سعودی جارحیت میں کمسن بچہ شہید، 6 زخمی
شیعہ نیوز : یمن کے خلاف وحشیانہ سعودی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جمعہ کے روز تازہ حملے میں ایک کمسن بچہ شہید اور 6 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سبأ نٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی فوجی اتحاد نے جمعے کے روز یمن کے صوبوں صعدہ، صنعاء، مآرب اور الجوف پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ایک کمسن بچہ شہید اور 2 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔ ان حملوں میں کئی مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ سعودی اتحاد میں شامل کرائے کے فوجیوں نے جمعرات کو بھی صوبہ صعدہ کے سرحدی شہر منبہ کے علاقے الرقو پر شدید گولہ باری کی تھی جس کے نتیجے میں کئی مکانات تباہ اور 3 افراد شہید اور 5 زخمی ہو گئے تھے۔
سعودی حکومت کی سرکردگی میں قائم فوجی اتحاد میں شامل کرائے کے فوجی یمن کے مختلف علاقوں کو مسلسل وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
سعودی عرب نے امریکہ، متحدہ عرب امارات اور بعض دوسرے ملکوں کے ساتھ ملک کر مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے وحشیانہ حملوں میں اب تک سترہ ہزار سے زائد یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہو چکے ہیں جبکہ کئی لاکھ یمنیوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔