علامہ قاضی نیاز کی حرم حضرت معصومہ قم میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی
شیعہ نیوز: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی کی نماز جنازہ حضرت معصومہ قم کے حرم مطہر کے صحن میں ادا کی گئی۔ جس میں علمائے کرام و طلباء کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
بعدازاں قم المقدس کے معروف قبرستان بہشت معصومہ میں مرحوم کی تدفین کر دی گئی۔ یکم نومبر بروز اتوار دن گیارہ بجے علی مسجد جامعۃ المنتظر میں ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور نماز ظہر کے بعد مجلس عزاء منعقد کی جائے گی۔
رئیس الوفاق المدارس الشیعہ علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی، علامہ سید محمد تقی نقوی، علامہ محمد افضل حیدری اور دیگر علمائے کرام و زعمائے ملت اسلامیہ علامہ قاضی نیاز حسین نقوی کی علمی خدمات، مدارس دینیہ کے فروغ اور ملت تشیع کے دفاع، اتحاد تنظیمات مدارس اور دیگر اتحاد بین المسلمین کیلئے خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔
واضح رہے کہ علامہ قاضی نیاز نقوی قم المقدس کے معروف امیر المومنین ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ جہاں وہ 29 اکتوبر کو دار فانی سے دار ابدی کی طرف کوچ کرگئے۔