اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے بحیثیت سفیر کام کر رہا ہوں،صدر پاکستان

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کیساتھ میرا محبت کا رشتہ ہے۔ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے بحیثیت سفیر کام کر رہا ہوں۔ حکومت گلگت بلتستان مثبت سمت پر گامزن ہے۔ بہت سے ایسے اقدامات ہوتے ہیں جن کے نتائج فوری طور پر نہیں بلکہ مستقبل قریب میں نظر آتے ہیں۔ صوبائی کابینہ کے ساتھ تعارفی نشست سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ گلگت بلتستان میں سیاحت ، معدنیات ،توانائی اور زراعت کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں ان شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان غریبوں کا درد رکھتے ہیں اسی لئے کورونا وائرس کے آغاز میں سب کے کہنے کے بائوجود ملک میں لاک ڈائون نہیں کیا جو ایک بہترین حکمت عملی تھی آج پوری دنیا پاکستان کے اس پالیسی کی تقلید کرتی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان نے دنیا بھر میں پاکستان کے تشخص کو ا جاگر کیا ہے۔ ملک بہتری کی طرف جارہاہے۔ فاٹا اور کراچی کیلئے خصوصی پیکیج منظور کیا ہے۔ بلین ٹری سونامی وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا ایسا منصوبہ تھا جو اس سے قبل کسی نے نہیں سوچا اس منصوبے سے ملک میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا۔ حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے شروع کئے جانے والا ٹیلی میڈیسن کا منصوبہ انتہائی احسن اقدام ہے۔ گلگت بلتستان میں شرح خواندگی قابل تحسین ہے مستقبل میں تعلیم پر توجہ دینے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ بین الاقوامی اور مقامی سطح پر تکنیکی سٹاف کی ضرورت بڑھ رہی ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوان نسل کو تکنیکی تعلیم کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے۔ گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاری کے حوالے سے نمائشی پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں جن میں شرکت کرکے سرمایہ کاروں کو گلگت بلتستا ن کی جانب راغب کیا جاسکتا ہے۔ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کفالت پروگرام شروع کیا ہے جس سے استعفادہ حاصل کرنے کیلئے گلگت بلتستان کے خصوصی افراد کا ڈیٹا نادرا سے منسلک کیا جائے۔ پاکستان تبدیل ہورہاہے۔ غریب طبقے کا خیال رکھا جارہاہے۔ گلگت میں سیاحت کے فروغ کیلئے گلگت ایئرپورٹ کی توسیع کے منصوبے پر بھی غور کیا جائیگا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی کابینہ کی جانب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو دورہ گلگت کے موقع پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ کا گلگت بلتستان آنا اس بات کا مظہر ہے کہ گلگت بلتستان سے آپ کو خصوصی محبت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی نئی صوبائی حکومت کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں لیکن صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کی رہنمائی میں گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہے ہیں۔ گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعظم پاکستان نے میگا ترقیاتی پیکیج کی منظوری دی ہے جس سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی۔بہت جلد ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ گلگت بلتستان میں توانائی، سیاحت اور معدنیات کے حوالے سے وسیع مواقع موجودہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کی بہتری کیلئے پہلے دن سے کام کررہے ہیں۔ گلگت بلتستان کو ایسا صوبہ بنائیں گے جو دیگر صوبوں کیلئے بھی ایک مثال ہو۔ دیہاتوں کی سطح پر ترقیاتی پلان بنایا جارہاہے۔ تمام دیہاتوں کو سیاحوں کیلئے پرکشش بنائیں گے۔ ایکو ٹوریزم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ گلگت بلتستان میں سیاحت کو صنعت کا درجہ دے کر معاشی طور پر مستحکم ہوسکتے ہیں اسی لئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی اصلاحات کی جارہی ہیں۔ نئے سیاحتی مقامات متعارف کرائے جارہے ہیں۔ خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صحت، تعلیم اور گورننس کو بہتر بنانے کیلئے انٹرنیٹ اور4جی کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے جس کیلئے آپ کا خصوصی تعاون درکار ہے۔ پہلی مرتبہ دور دراز علاقوں کیلئے ٹیلی میڈیسن کا منصوبہ شروع کیا جارہاہے تاکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والوں کو ان کی دہلیز پر بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔ صحت، تعلیم سمیت اہم محکموں میں سٹاف کی کمی دور کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے تمام پی سی فورز کے منظوری کی درخواست کی ہے جس کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے آپ کا خصوصی تعاون درکار ہے۔ گلگت بلتستان کی عملی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نئی روایات رکھیں گے اور اس صوبے کو مثالی صوبہ بنائیں گے۔ شونٹر ٹنل کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس منصوبے کی تعمیر سے سیاحتی شعبے میں نئے باب کا آغاز ہوگا۔صوبے میں پہلا میڈیکل اور انجینئرنگ کالج صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ میڈیکل اور انجینئرنگ کالج کے قیام سے ڈاکٹروں اور جنرل نرسزکی کمی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگا۔ تمام شعبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جارہاہے۔ محکمہ صحت کو 6 جون تک تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز کے ہسپتالوں کو مکمل طور پر فعال کرنے کے ہدایات دی گئی ہیں جس سے تمام اضلاع کے عوام کو متعلقہ ضلعوں میں بہترین طبی سہولیات میسر آئینگی۔ گلگت اور سکردو میں گرلز کیڈٹ کالج کے قیام کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سرمائی سیاحت کے فروغ کیلئے پہلی مرتبہ گلگت بلتستان میں انٹرنیشنل ایونٹس منعقد کئے جارہے ہیں۔ صدر پاکستان کو صوبائی کابینہ کی تعارفی نشست کے موقع پر سیاحت، ترقیاتی منصوبوں اور جنگلات و جنگلی حیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button