ایران، چین معاہدے نے مغربی ممالک کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے: ظریف
شیعہ نیوز: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ٹوئیٹر بیان میں ایران اور چین کے درمیان 25 سالہ اسٹراٹیجک معاہدے کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے میں دونوں ممالک کے مفادات کو مد نظر رکھا گیا ہے اور یہ معاہدہ باہمی احترام پر مشتمل ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں 18 ماہ صرف ہوئے ہیں ۔ اس معاہدے میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سیاسی، ثقافتی ، تجارتی ، صنعتی اور عسکری اصولوں اور مفادات کومد نظر رکھا گیا ہے ۔ 25 سالہ معاہدے میں ایران اور چین کے درمیان مالی اور بینکی امور کو آسان بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔ معاہدے کے مطابق ایران کے نجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے سلسلے میں بھی توجہ مبذول کی گئی ہے۔ معاہدے میں صنعت ، معدن ، تیل ، بجلی اور انرجی کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے ۔ معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کی ظرفیت کے پیش نظر سیاحت ، ثقافت اور علمی شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائےگا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ معاہدہ دوطرفہ کامیابی کے اصولوں پر مشتمل ہے۔ یہ اہم معاہدہ ہے جس نے امریکہ اور مغربی ممالک کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔