سید علی رضا زیدی ایک محب وطن شہری ہے جس کی جبری طور پر گمشدگی باعث تشویش ہے
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل وفد کے ہمراہ کے رحیم یارخان کی تحصیل لیاقت پور پہنچ گئے، جہاں اُنہوں نے امام بارگاہ ولی العصر میں عمائدین شہر، علمائے کرام اور اہل علاقہ سے ملاقات کی۔ علامہ اقتدار حسین نقوی کے ہمراہ صوبائی سیکرٹری تربیت علامہ قاضی نادر حسین علوی، سید ندیم عباس کاظمی، اسد عباس اور دیگر بھی موجود تھے۔ علامہ اقتدار نقوی نے دو روز قبل جبری طور پر لاپتہ ہونے والے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما سید علی رضا زیدی کے بھائی، چچا اور عزیز و اقارب سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر سید انوار حسین شمسی، نیاز حسین خان دشتی، ہاشم زیدی اور دیگر بھی موجود تھے۔ بعدازاں علامہ اقتدار حسین نقوی نے وفد کے ہمراہ ایس ایچ او تھانہ صدر لیاقت پور سے ملاقات کی اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے عمائدین سے ملاقات میں کہا کہ سید علی رضا زیدی ایک محب وطن شہری ہے جس کی جبری طور پر گمشدگی باعث تشویش ہے، اُنہوں نے کہا کہ ہم ملک بھر سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے سراپا احتجاج ہیں لیکن ابھی تک حکومت اور ریاستی اداروں کو اس کا احساس تک نہیں ہے، آج سے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو رہا ہے، حکومت اپنی ہٹ دھرمی اور ملک دشمن پالیسی کو ترک کرے، ملک بھر سے لاپتہ افراد کی گمشدگی آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے، ہم مقتدر حلقوں، آرمی چیف، چیف جسٹس آف پاکستان سے جبری طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں۔