
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امریکی ریاست فلوریڈا کے پادری ٹیری جونز کی جانب سے قرآن مقدس جلانے کے واقعہ پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ضمن میں سرکاری سطح پر امریکہ سے احتجاج کیا جائے اور انتہا پسند پادری ٹیری جونز کےخلاف عالمی عدالت میں مقدمہ چلانے کے لیے تحرک کیا جائے ، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی دفتر سے
جاری ہانے والے پریس ریلیز کے مطابق قرآن مقدس کو جلانے سے پاکستان سمیت پورے عالم اسلام میں زبردست اضطراب پایا جاتا ہے ، اگر اس سنگین واقعہ کا نوٹس نہ لیا گیا تو تمام مسلم ممالک میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ، انہوں نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے ہم نہ کسی مذہب کے مقدسات کی توہین کرتے ہیں اور نہ ہی اپنے مقدسات کی بے حرمتی برداشت کریں گے۔ یہود و نصاریٰ مسلمانوں کے مذہبی شعائر اور مقدسات کی توہین کرکے ا نہیں ایک سازش کے تحت اشتعال دلا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی انتہا پسندی کی بد ترین مثال ہے اس لیے عالمی امن کے دعویدار اس صورت حال کا فوری نوٹس لیں اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے مرتکب پادری کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے ، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان ،کسی بھی سطح پر اپنے مقدسات کی برداشت نہیں سکتا ، اگر امریکی پادری کی اس مذموم حرکت پر اس کے خلاف کاروائی نہ ہوئی تو مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملک کی دیگر مذہبی جماعتوں کے شانہ شانہ بشانہ امریکی پادری کے خلاف احتجاج کا لامتناہی سلسلہ شروع کر دے گی۔