پاکستانی شیعہ خبریں

یوم القدس کی آمد، کراچی میں تشہیری مہم و آگاہی مہم کا آغاز

شیعہ نیوز:تحریک آزادی القدس پاکستان کی جانب سے تشہیری و آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا، جس کے تحت تین تلوار اور آواری ٹاور شاہراہ فیصل پر علامتی احتجاج اور آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ احتجاج میں کارکنان نے شرکت کی اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیلی و صیہونیت مخالف اور فلسطین کے حق میں نعرے درج تھے۔ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر حسن عسکری نے کہا ہے کہ چوبیس رمضان المبارک کو یوم القدس بھرپور انداز سے منایا جائے گا، یوم القدس کی مناسبت سے نمائش تا تبت سینٹر عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک صیہونی ریاست ہے، کفر کی حکومت تو باقی رہ جاتی ہے لیکن ظلم کی حکومت کبھی نہیں چل سکتی، ان شاء اللہ دنیا جلد ہی اسرائیل کی نابودی دیکھے گی، امام خمینی کے فرمان کے مطابق ہم یوم القدس کے دن اپنی آوازوں کو مسئلہ فلسطین کے حق میں بلند کریں گے۔

حسن عسکری نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اپنے گھروں سے باہر نکل کر یہ ثابت کر دیں کہ اس ملک کا بچہ بچہ غاصب صیہونی ریاست کیخلاف سینہ سپر ہے۔ حسن عسکری کا کہنا تھا کہ دہشتگرد ریاست اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین میں انسانیت سوز سنگین جرائم کئے ہیں، جس کا اسے حساب دینا ہی ہوگا، یہ تمام مسلم امہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مقدس سرزمین کی صیہونی طاقتوں سے بازیابی کی کوششیں کریں۔ واضح رہے کہ یوم القدس کی مناسبت سے شہر کے مختلف علاقوں میں وال چاکنگ، بینر اور پوسٹرز آویزاں کرنے کا عمل بھی گذشتہ رات سے شروع کر دیا گیا ہے، 17 رمضان المبارک کو بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں علامتی احتجاج اور آگاہی مہم کا انعقاد کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button