ملتان پریس کلب میں دھمکی آمیز پوسٹر لگاتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کا ایک کارکن گرفتار، دوسرا فرار
پنجاب میں بھی شرپسند عناصر عوام کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کے لئے سرگرم ہوگئے ہیں، ملتان پریس کلب میں دھمکی آمیز پوسٹر لگاتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کا ایک کارکن گرفتار اور دوسرا فرار ہو گیا۔ الیکشن نزدیک آتے ہی عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کے لئے شدت پسندوں نے اپنی کارروائیاں بڑھا دی ہیں۔ ملتان پریس کلب میں کالعدم تحریک طالبان کے دو کارکنوں نے پمفلٹ لگانے کی کوشش کی جن میں عوام کو انتخابی عمل سے دور رہنے کا کہا گیا تھا۔ کلب انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع دی جس نے ایک نوجوان عثمان غنی کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کا طالب علم ہے، جس کا تعلق اسلامی جمعیت طلبہ سے بتایا جا رہا ہے۔ جسے پولیس نے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ پمفلٹ میں واضح طور درج ہے کہ اگر کسی نے ووٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اس کے نتائج سنگین ہوں گے، ملک میں تبدیلی صرف طاقت سے ہی ممکن ہے، عوام انتخابی عمل میں شرکت نہ کریں۔