مسجد الاقصی میں نماز ادا کریں گے، سید حسن نصراللہ کا اعلان
شیعہ نیوز: لبنانی ٹی وی چینل المنار کے یوم تاسیس کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ مجھے پوری امید ہے کہ ہم سب مل کر مسجد الاقصی میں نماز ادا کریں گے۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ بیت المقدس اور مسجد الاقصی کا مسئلہ پوری امت کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم مسجد الاقصی کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور امت مسلمہ کو ان کی بھرپور حمایت کرنا چاہیے۔
حزب اللہ کے سربراہ نے واضح کیا کہ ہمیں ایک ایسے کینہ پرور، احمق اور بحران زدہ دشمن کا سامنا ہے جو اپنے اندرونی بحرانوں سے نجات پانے کے لیے آگے آگے بھاگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے ہر احقمانہ آپشن استعمال کیا ہے اور اس پر گہری نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے۔
یمن پر سعودی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے سید حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ یمنیوں کے خلاف امریکہ اور سعودی عرب کی جارحیت ناکام ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور سعودی عرب جنگ یمن سے نکلنے اور زیادہ سے زیادہ مراعات حاصل کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔
سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ ہمیں روز اول سے یمنی قوم کی استقامت و پائیداری اور فتح کا پورا یقین تھا۔
حزب اللہ کے سربراہ نے جنگ یمن بند کرانے کی امریکی خواہش اور دعوے کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن جنگ کا خاتمہ لیکن یمن کا محاصرہ جاری رکھنا چاہتا ہے۔