
متوقع ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم انجم کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) نامزد ڈی جی آئی ایس آئی اور موجودہ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق یہ ملاقات متوقع طور پر چند روز کے اندر نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کی باضابطہ منظوری سے متعلق ہے۔
اس اہم ملاقات کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی بیان جاری نہیں ہوا تاہم میڈیا ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی بطور نئے ڈی جی آئی ایس آئی تقرری کا نوٹیفکیشن آئندہ چند دن میں متوقع ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں سی ٹی ڈی کی بڑی کاروائی، داعش خراسان کے 3 دہشتگرد ہلاک
رپورٹ کے مطابق ممکنہ طور پر یہ نوٹی فکیشن جمعہ کے روز ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم واحد تھری اسٹار جنرل ہیں، جنہوں نے بدھ کے روز وزیراعظم سے ملاقات کی۔
ایک ہفتے یا دس دن کے اندر نئے ڈی جی آئی ایس آئی اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے، جب کہ ملک کی اعلیٰ انٹیلی جنس ایجنسی کے موجودہ سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بحیثیت کور کمانڈر پشاور اپنے نئے اسائنمنٹ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
آئی ایس پی آر نے 6 اکتوبر کو فوج میں اعلیٰ عہدوں میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا تھا، ان اعلان کردہ عہدوں میں لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی تقرری بھی شامل تھی۔