
غاصب صیہونی فوجیوں اور بیگانہ آبادکاروں کو نکل جانا ہوگا: حماس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مقبوضہ بیت المقدس میں جارحانہ اور مجرمانہ اقدامات پر صیہونی حکومت کو سنگین قیمت چکانی پڑے گی، یہ انتباہ فلسطین کی استقامتی تنظیم حماس نے دیا ہے۔
ارنا نیوز کے مطابق حماس کے ایک سینیئر رہنما ہارون ناصر الدین نے مقبوضہ فلسطین بالخصوص بیت المقدس اور مسجد الاقصیٰ کے اندر صیہونی فوجیوں کے مجرمانہ اقدامات اور دراندازی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی ٹولے کے ساتھ مسائل کا واحد حل مسلحانہ قیام ہے اور اسکے علاوہ اس مجرم حکومت کے ساتھ کسی معاملے کو سرانجام تک نہیں پہنچایا جا سکتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ فلسطین کا چپہ چپہ فلسطینی باشندوں کا ہے اور وہاں سے ہر حال میں غاصب صیہونی فوجیوں اور بیگانہ آبادکاروں کو نکل جانا ہوگا۔
حماس کے رہنما نے مزید کہا کہ شیخ جراح علاقے کے رہائشی علاقوں پر صیہونی حکومت کے ساتھ کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
ہارون ناصر الدین کا کہنا تھا کہ نام نہاد صیہونی عدالتیں صیہونی حکومت کے سکیورٹی اور انٹیلیجنس سسٹم کا حصہ ہیں اور ان کا کام بھی مقبوضہ علاقوں میں صیہونی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کے لئے زمین ہموار کرنا ہے۔
خیال رہے کہ ان دنوں خودساختہ صیہونی حکومت نے حسب دستور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد تیئس چونتیس کو نظر انداز کرتے ہوئے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی کالونیوں اور مکانات کی تعمیر کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔