آرمی چیف جبری لاپتہ عزاداروں کی فوری رہائی کو یقینی بنائیں
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے علماء، دینی طلباء اور دیگر شہریوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہوں اور ان کے خاندانوں کو ہراساں کرنا دینی، قانونی اور اخلاقی لحاظ سے نہایت تشویشناک رویہ ہے۔
انہوں نے طالبہ کیا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف غیر آئینی شیعہ جبری گم شدگیوں کا فوری نوٹس لے کر بے گناہوں کی فوری بازیابی کو یقینی بنائیں۔ دونوں شخصیات سے مدارس کے بزرگ علماء کی ملاقاتوں میں دو طرفہ تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ قانون اور آئین سے ماوراء اقدامات ریاستی اور سرکاری اداروں کیخلاف عوامی ناپسندیدگی کا باعث بن رہے ہیں جس سے حکومت کی مقبولیت میں کمی ہو رہی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں وردی والوں نے علامہ فضل عباس قمی کو اغواءکرکے لاپتہ کردیا، ویڈیو دیکھیں
انہوں نے کہا کہ جبری طور لاپتہ کئے جانیوالے عزاداروں کو فوری طور پر رہا کیا جائے یا قانون کے حوالے کیا جائے۔ میڈیا سیل کی طرف سے جاری اعلامیہ میں علامہ حافظ ریاض نجفی نے واضح کیا کہ علماء اور دینی طلباء کے لاپتہ ہونے کے واقعات، وزارت تعلیم اور اتحاد تنظیمات مدارس کے درمیان ہونیوالے معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے، جس میں طے کیا گیا تھا کہ حکومت کسی بھی مدرسے کیخلاف شکایت کی بنا پر کارروائی سے پہلے متعلقہ بورڈ (وفاق المدارس) کی قیادت کو اعتماد میں لے گی۔ مگر افسوس حال ہی میں شیخوپورہ سے معروف عالم دین اور مدرسے کے پرنسپل کو جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا ہے۔ اس پر وفاق المدارس الشیعہ کی قیادت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔