خطے میں مستقل قیام امن کیلئے ہر کسی کو کردار ادا کرنا چاہیئے، آغا سید راحت حسین الحسینی
حجتہ اسلام والمسلمین آغا سید راحت حسین الحسینی نے مرکزی جامع مسجد گلگت میں جشن مولود کعبہ کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 13 رجب کا دن عالم اسلام کے مسلمانوں کے لئے اہم ترین دن ہے، میں پورے عالم اسلام کو اس باسعادت دن پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس دن کی مناسبت سے خطے میں بدامنی کے خاتمے کے لئے آپس میں اخوت، اتحاد اور بھائی چارگی کی فضا کو قائم رکھنا ہو گا اور خطے میں مستقل قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مملکت خداداد پاکستان میں ہر کسی کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی بسر کرنے کا حق حاصل ہے اور اسلام ہمیں یہی سبق سکھاتا ہے گذشتہ کئی سالوں سے ملت جعفریہ کا دیرینہ مسئلہ نصاب تعلیم کا ہے لیکن کئی بار حکام سے مطالبہ کے باوجود ہمیں اپنے عقائد کے مطابق نصاب تعلیم نہیں دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان اور صوبائی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ملت جعفریہ کے لئے فی الفور علیحدہ نصاب تعلیم بنایا جائے تاکہ ہمارے بچے اپنے عقائد اور نصاب کے مطابق تعلیم حاصل کر سکیں۔