اسلام آباد،مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے یکجہتی کشمیر و یمن ریلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کشمیر اور یمن میں ہونے والے مظالم کے خلاف اور مظلومین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ اس سلسلے میں مرکزی ریلی کا آغاز مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماؤں کی قیادت میں نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو سے ہوا، جس میں ایم ڈبلیو ایم کے اراکین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیر، یمن اور دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت اور ظالمین کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء نے کشمیر اور یمن کے مظلومین کی حمایت میں نعرے بازی بھی کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں امت مسلمہ کی بیداری پر زور دیتے ہوئے اس دور عصر کی اہم ضرورت اور دین اسلام کے حقیقی تشخص کی بقا کے لیے اولین تقاضا قرار دیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سکرٹری یوتھ علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کہا کہ عالمی استکباری قوتیں عالم اسلام کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے وہ ان مسلم حکمرانوں کو استعمال کر رہی ہیں جو دین کی بجائے تخت و تاج کو اپنی بقا کا ضامن سمجھتے ہیں۔ وہ مسند نشین مسلمان جو امت مسلمہ کا لہو بہانے میں مصروف ہیں اسلام کے روشن چہرے پر بدنما داغ ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں یوم یکجہتی کشمیر، شیعہ علماء کونسل سندھ بھر میں احتجاج کرے گی
انہوں نے کہا کہ یمن کے بے گناہوں شہریوں پر آگ و بارود کی بارش کرنے والے بہت جلد اپنا بھیانک انجام دیکھیں گے۔ ظالموں کے لیے خدا کی پکڑ بلاشبہ شدید ہے۔ علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اقوام عالم کو اپنا سکوت توڑنا ہو گا۔ یورپ میں انسانی حقوق کی پامالی کے معمولی واقعات پر آسمان سر پر اٹھانے والی انسانی حقوق کی عالم تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی افواج کی درندگی کیوں نظر نہیں آتی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری نوجوانوں کو خفیہ عقوبت خانوں میں تشدد کر کے موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے۔ ریاستی اداروں کے ہاتھوں نوجوان عورتوں کی عزتیں محفوظ نہیں۔ مقبوضہ کشمیر کئی سالوں سے محاصرے میں ہے۔ اقوام متحدہ اگر مسلمان کو انصاف فراہم نہیں کر سکتا تو اس کا وجود بے مقصد ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیری قوم کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دیا جائے۔
ایم ڈبلیو ایم ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری انجئنر ظہیر عباس نقوی نے کہا کہ اگر امت مسلمہ بیدار نہ ہوئی تو طاغوتی طاقتوں اور ان کے آلہ کاروں کے ذریعے انہیں ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جو عالمی دہشت گرد تنظیمیں اسلام کے نام پر بے گناہوں کے گلے کاٹنے میں مصروف ہیں وہ یہود و نصارٰی کی ایجاد کردہ ہیں۔ ہمیں ہر شخص کو اپنی صفوں سے دور کرنا ہو گا جو دین کے نام پر قتل یا تکفیر کا پرچار کرے۔ اگر مسلمان حکمت و بصیرت اور دانش سے کام لیں تو دشمنوں کی تمام چالیں ناکام ثابت ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ مظلومین کی حمایت ایک شرعی تقاضا ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان مظلومین کی حمایت میں یک زبان ہو کر ظالموں کو منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں۔