ایوان صداقت کی مذمت، ایم ڈبلیو ایم نے الیکشن میں حصہ لیکر ملت کی خدمت کی، علامہ عابد الحسینی
بزرگ عالم دین اور سابق سینیٹر علامہ سید عابد حسین الحسینی نے گلگت بلتستان سے شائع ہونے والے اخبار ایوان صداقت میں ان سے منسوب من گھڑت بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین نے الیکشن میں حصہ لیکر ملت کی خدمت کی ہے۔ ’’اسلام ٹائمز‘‘ کیساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایوان صداقت اخبار کے رپورٹر کا مجھے فون آیا تھا، تاہم میرے بیان کو جس طرح اس اخبار میں چھاپا گیا ہے وہ انتہائی غلط اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے میرا اشارہ پارا چنار اور ہنگو کی طرف تھا، جہاں ہماری غلطیوں کی وجہ سے ناکامی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک مجلس وحدت مسلمین کا تعلق ہے تو میں نے اس حوالے سے کوئی بات تک نہیں کی، حالانکہ مذکورہ اخبار کے رپورٹر نے اپنے الفاظ میرے منہ سے نکلوانا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رپورٹر کی نیت خراب تھی، جبکہ مجلس وحدت مسلمین نے ان انتخابات مین شرکت کرکے ملت کی خدمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس اخبار نویس کو یہ کہا کہ ان انتخابات میں شیعہ تنظیم نے اگر پیسہ خرچ کیا ہے تو وہ درست جگہ اور نیک کام پر خرچ ہوا ہے۔ علامہ عابد حسین الحسینی نے مزید کہا کہ میں مجلس وحدت مسلمین سمیت ہر اس تنظیم کی کاوشوں کو سراہتا اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں جو ملک و ملت کی خدمت کرے۔