یوں سرنگوں ہوا جارح سعودی اتحاد کا ایک اور ڈرون
شیعہ نیوز:المسیرہ کی آج جمعہ کے روز کی رپورٹ کے مطابق، یمنی فوج کے ترجمان یحی سریع نے کہا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورسز کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے صوبے الجوف کی فضا میں جارح سعودی اتحاد کے ڈرون (MQ 9) کو مار گرایا۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے سعودی اتحاد کی وحشیانہ جارحیت کے جواب میں 4 روز قبل بھی جنوبی سعودی عرب کے علاقے جیزان کے ملک عبدالله ایر پورٹ پر ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے۔ تاہم سعودی عرب کے ٹیلی ویژن چینل نے دعوی کیا کہ اس ڈرون کو مار گرایا گیا ہے۔
یمنی فورسز ملک پر جارح سعودی اتحاد کے حملے کے آغاز سے اب تک دسیوں جاسوسی ڈرون، ہیلی کاپٹر اور جنگی طیارے گرا چکی ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ اور اسرائیل کی حمایت سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کررہا ہے اور اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہے- یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی بمباری میں اب تک سولہ ہزار سے زیادہ یمنی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ دسیوں ہزار افراد بے گھر اور دربدر ہوچکے ہیں ۔
سعودی عرب کی فوجی جارحیت کے نتیجے میں غریب عرب ملک یمن کو غذاؤں اور دواؤں کی شدید قلت لاحق ہوگئی ہے۔ یمنی عوام کی استقامت کے باعث سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کو اب تک اپنے مذموم اہداف میں کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ہے۔
سعودی عرب کی جانب سےمارچ دوہزار پندرہ سے یمن کو وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنانے کا ایک مقصد اپنے ایجنٹ منصور ہادی کو دوبارہ برسراقتدار لانا اور اس ملک کے ذخائر پر قبضہ کرنا ہے۔