باجوڑ، سکیورٹی فورسز سے مقابلے میں 4 دہشتگرد ہلاک
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے بلورو میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلمات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی اور سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تلاش کیا تھا، جہاں شدید فائرنگ کے دوران 2 سپاہی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں بیان میں کہا گیا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔
یہ خبر بھی پڑھیں او آئی سی کو قراردادوں سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنا ہوں گے
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا ہے کہ دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے کے باعث نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے 44 سالہ نائب صوبیدار اشتیاق اور اورکزئی کے رہائشی 21 سالہ سپاہی کامران نے جام شہادت نوش کیا۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 شہری بھی شہید ہوگئے، دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت الہام، عصمت اور بہادر کے نام سے ہوئی ہے۔