
او آئی سی کو قراردادوں سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنا ہوں گے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ او آئی سی کو قراردادوں سے آگے بڑھ کرعملی اقدامات پر توجہ دینا ہو گی۔ بحیثیت سربراہ وزارتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں نفرت پر مبنی نظریات، تشدد، امتیاز اور دائیں بازو کی انتہا پسندی کے خلاف مشترکہ آواز اٹھانا ہو گی۔
انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم سے بین الاقوامی کانفرنس برائے مفاہمت، امن و سلامتی بلانے کا مطالبہ کیا۔ مسئلہ کشمیر پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے مابین کشمیر پر کشیدگی کسی بڑے سانحہ کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سرکار بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے، کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینا ہو گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں او آئی سی کشمیر، فلسطین اور یمن کا مسئلہ حل کروائے
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں فلسطین اور کشمیر کے زیر قبضہ علاقوں کے عوام کی آزادی و انصاف کے لیے موثر آواز بلند کرنا ہو گی، 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی کو افغانستان کو اقتصادی تنزلی اور انسانی بحران سے بچانا ہو گا جبکہ افغانستان کو داعش اور دیگر دہشتگرد گروہوں ٹی ٹی پی، ای ٹی آئی ایم اور دیگر کا خاتمہ یقینی بنانا ہوگا۔
شاہ محمود نے کہا کہ او آئی سی کے دیرپا ترقیاتی امور پر مشتمل 2026ء ایجنڈے کو بھی آگے بڑھانا ہو گا۔